بھٹکل 18 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل میں سنچر شب سے اتوار صبح تک جاری زبردست بارش کے نتیجے میں ایک طرف سمندر ی موجوں میں کافی اُٹھان دیکھی گئی وہیں مچھلیاں پکڑنے کے لئے اُتری سو سے زائد چھوٹی کشتیوں میں سے 40 سے زائد چھوٹی کشتیاں بیچ سمندر میں پھنس جانے کی وجہ سے ماہی گیروں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا، مگر خطرے کو بھانپتے ہوئے فوری دو موٹر بوٹوں کو بیچ سمندر میں روانہ کرتے ہوئے پھنسے ہوئے تمام ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔ واردات اتوار صبح بھٹکل کے نستار بیچ پر پیش آئی۔
بتایا گیا ہے کہ ہمیشہ کی طرح اتوار صبح بھی مُنڈلی، بیلنی، بندر اور اطراف کے سو سے زائد ماہی گیر اپنی چھوٹی چھوٹی کشتیاں لے کر مچھلیوں کے شکار کے لئے نکل پڑے تھے، مگر کچھ ہی دیر بعد موسم خراب ہوگیا اور طوفانی ہواوں کے نتیجے میں سمندر میں لہریں بے قابو ہوگئی۔ لہروں میں بہت زیادہ اُچھال ہونےسے کشتیوں کے ڈوبنے کے آثار نظر آنے لگے، خطرہ کو بھانپتے ہوئے کشتیوں پر سوار ماہی گیروں نے کنارے کی طرف لوٹنا شروع کردیا، مگر 40 سے زائد ماہی گیر بییچ سمندر میں ہی بُری طرح پھنس گئے۔ اس دوران کنارے پر موجود ماہی گیروں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر موٹر والی دو بڑی کشتیاں لے کر ماہی گیروں کو بچانے کے لئے نکل پڑے، قریب ایک گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد سمندر میں پھنسے ماہی گیروں کو چھوٹی کشتیوں سے نکال کر بڑی کشتیوں میں منتقل کیا گیا اور اُن کی چھوٹی کشتیوں کو بڑی کشتیوں کے ساتھ باندھ کر کنارے لایا گیا۔ اس طرح سبھی ماہی گیر محفوظ رہ گئے۔ اس موقع پر نستار بیچ پر کافی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے تھے اور سمندر کے بیچ ماہی گیروں کے پھنسنے سے لوگ تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے۔ بعد میں کوسٹل سیکوریٹی پولس کے حکام بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔